پاکستان، دہشت گردوں کا حملہ، 2 فوجی جاں بحق
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں فوج کی پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں دو فوجی جاں بحق ہوگئے۔
پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ سےجاری بیان کے مطابق دہشت گردوں کے حملے کے بعد دونوں طرف سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں دو اہلکار جاں بحق ہوگئے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ علاقے میں دہشت گردوں کی صفائی کے لیے سرچ آپریشن کیا جارہا ہے ۔
اس سے قبل رواں ہفتے بلوچستان کے کے علاقے مکران میں اسی طرح کے ایک حملے میں دو سیکیورٹی اہلکار جاں بحق ہوگئے تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بیرونی فنڈنگ لینے والے دہشت گردوں کے گروپ کی جانب سے مکران کے علاقے ٹمپ میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر فائرنگ کی گئی۔
بیان میں کہا گیا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے دستیاب اسلحے سے ان کو جواب دیا، جس کے نتیجے میں دہشت گردوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔
اس سے قبل پیر کو ایران کی سرحد کےقریب بلوچستان کے علاقے پنجگور میں دہشت گردوں کے گینگ سے تصادم کے نتیجے میں ایک سیکیورٹی اہلکار جاں بحق ہوگیا تھا۔