پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات پھر ہوئی مہنگی
حکومت پاکستان نے رواں ماہ پیٹرولیم مصنوعات ایک مرتبہ پھر مہنگی کرتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 3 روپے 1 پیسے کا اضافہ کردیا۔
پاکستان کے خزانہ ڈویژن سے جاری اعلامیے کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 1 پیسے کے اضافے کے بعد فی لیٹر نئی قیمت 147 روپے 83 پیسے ہوگی۔
بیان میں کہا گیا کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل اور کیروسین کی فی لیٹر قیمت میں 3،3 روپے اور لائٹ ڈیزل آئل کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے 33 پیسے اضافہ کردیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل، کیروسین اور لائٹ ڈیزل آئل کی فی لیٹر نئی قیمت بالترتیب 144 روپے، 62 پیسے، 116 روپے 48 پیسے اور 114 روپے 54 پیسے ہوگی۔
خزانہ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق 16 جنوری سے ہوگا۔
اس سے پہلے یکم جنوری کو بھی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرتے ہوئے پیٹرول اور ڈیزل 4 روپے فی لیٹر مہنگا کردیا تھا۔
خزانہ ڈویژن سےجاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 4،4 روپے فی لیٹر اضافہ کردیا گیا ہے اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 3.95 روپے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 4.15 روپے فی لیٹر اضافہ کردیا گیا ہے۔