کراچی، بھاری مقدار میں جنگی ہتھیار برآمد
کراچی پولیس نے بھاری مقدار میں جنگی اسلحے برآمد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
کراچی سے ہمارے نمائندے نے خبردی ہے کہ پولیس نے اولڈ سٹی ایریا میں برطانوی دور کی ایک عمارت سے بھاری مقدار میں فوجی اسلحے برآمد کئے ہیں جن میں اینٹی ایئر کرافٹ گنیں، اسٹین گنیں، پستول اور دیگر فوجی ہتھیار شامل ہیں ۔
رپورٹ کے مطابق ایس ایس وسطی کراچی ملک مرتضی نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ یہ فوجی اسلحہ بظاہر دس سے بارہ سال قبل زمین میں دفن کیا گیا تھا۔
کراچی پولیس کے ایک اور اعلی عہدیدار کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ لیاری سے ملحقہ لی مارکیٹ میں فوجی اسلحے کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد ایک خیراتی ٹرسٹ سے تعلق رکھنے والی پرانی عمارت میں جمعے کی رات کھدائی شروع کی گئی جو سنیچر کی رات تک جاری رہی ۔
رپورٹ کے مطابق کراچی پولیس کو اسی علاقے میں دیگر مقامات پر بھی اسلحے کی موجودگی کی اطلاع ہے۔ کراچی پولیس کا کہنا ہے کہ یہ بات تشویشناک ہے کہ یہ اسلحے ایک تھانے کے قریب سے ملے ہیں ۔ پولیس نے یہ معلوم کرنےکے لئے ، تحقیقات شروع کردی ہیں کہ اسلحے کس کے ہیں اور کس مقصد کے لئے، کس طرح یہاں لائے گئے ۔