Jan ۲۷, ۲۰۲۲ ۲۳:۲۰ Asia/Tehran
  • پاکستان، دہشت گردوں کا فوج پر بڑا حملہ، 10 اہلکار جاں بحق

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے علاقے کیچ میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ کی گئی جبکہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران 10 اہلکار جاں بحق ہوگئے اور ایک دہشت گرد بھی مارا گیا۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں نے 25 اور 26 جنوری کی درمیانی شب بلوچستان کے علاقے کیچ میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر فائرنگ کی۔

بیان میں کہا گیا کہ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک دہشت گرد مارا گیا اور کئی زخمی ہوگئے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ 'دہشت گردوں کی فائرنگ کے جواب کے دوران 10 جوان جاں بحق ہوئے ۔

بیان کے مطابق کارروائی کے دوران 3 دہشت گردوں کو حراست میں لیا گیا اور واقعے کے ذمہ داروں کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ مسلح افواج ملک سے دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے، چاہے اس کے لیے جو بھی قیمت چکانی پڑے۔

اس سے قبل 24 دسمبر کو ضلع کیچ میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر ہونے والے دہشت گردوں کے حملے میں 2 فوجی اہلکار جاں بحق ہوگئے تھے۔

یہ ایک مہینے کے دوران صوبے میں ہونے والا اس قسم کا دوسرا واقعہ تھا۔

ٹیگس