Feb ۲۳, ۲۰۲۲ ۲۳:۱۷ Asia/Tehran
  • پاکستان، سیکورٹی اہلکاروں کا کامیاب آپریشن،  10 دہشت گرد ہلاک

پاکستان کے سیکورٹی اہلکاروں نے صوبہ بلوچستان کے علاقے ہوشاب میں کارروائی کرتے ہوئے 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ "آئی ایس پی آر" سے جاری بیان کے مطابق ‘سیکیورٹی اہلکاروں نے ہوشاب کے علاقے میں دہشت گردوں کی کیمپ اور ٹھکانے میں موجودگی کی اطلاع پر بلوچستان میں غیرملکی اسپانسرڈ امن کے دشمنوں کو گرفتار کرنے کے لیے کارروائی کی۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ جیسے ہی جوانوں نے علاقے کو گھیرے میں لینا شروع کیا تو دہشت گردوں نے اپنے ٹھکانے سے فرار ہونے کی کوشش کی اور بلا تفریق فائر کھول دیا جس پر شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

بیان میں کہا گیا کہ فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں دہشت گرد کمانڈر ماسٹر آصف عرف مکیش سمیت 10 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

کارروائی کے حوالے سے بتایا گیا کہ یہ دہشت گرد تربت اور پسنی کے علاقوں میں حال ہی میں سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ اور حملے میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھاری تعداد میں اسلحہ اور باروس بھی برآمد ہوا جو سیکیورٹی فورسز کے خلاف استعمال کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔

بیان میں کہا گیا کہ دہشت گردی کے مجرموں کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی اور انہیں بلوچستان کا امن، استحکام اور ترقی سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

ٹیگس