May ۰۳, ۲۰۲۲ ۱۱:۲۸ Asia/Tehran
  • غلامی کا طوق گلے میں ڈال کر عروج و ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہوسکتے: عمران خان

عمران خان نے کہا ہے کہ غلامی کا طوق گلے میں ڈال کر عروج و ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہوسکتے۔

عیدالفطر کے موقع پر چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کی حقیقی قدر و منزلت کا ادراک ان اقوام کو ہوتا ہے جنہیں غلامی جیسی ذلت کا سامنا رہتا ہے، 1947میں رمضان کی ستائیسویں بابرکت شب آزادی جیسی نعمت میسر ہوئی،تاریخ گواہ ہے کہ ہمارے آباؤ اجداد پر براہِ راست حاکم سامراج آزادی کے بعد بھی ہم پر غلامی کے سائے رکھنے پر بضد رہے، مجھے سامراج کی ان سازشوں کو عملاً دیکھنے کا موقع ملا۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا 7 مارچ کو امریکہ میں متعین پاکستانی سفیر کی جانب سے ہمارے دفترِ خارجہ کو ایک خفیہ مراسلہ موصول ہوا، بطور وزیراعظم اس خفیہ مراسلے کے مندرجات دیکھ کر مجھے شدید حیرت ہوئی، امریکی حکام نے تمام سفارتی آداب بھلا کر پوری ڈھٹائی و تکبر سے ایک آزاد و خودمختار ریاست پاکستان کی اندرونی سیاست میں کھلی مداخلت کی، امریکیوں نے تحریک عدمِ اعتماد کے ذریعے ”وزیراعظم“ کو ہٹانے کا حکم، نہ ہٹائے جانے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں، مراسلے پر وفاقی کابینہ، قومی سلامتی کمیٹی کی تصدیق اور ڈپٹی اسپیکر کی واضح رولنگ کے باوجود نہایت تیزی سے حکومت کا تختہ الٹا گیا۔

پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میرا ایمان ہے کہ ہم غلامی کا طوق گلے میں ڈال کر عروج و ترقی کی راہ پر کبھی گامزن نہیں ہوسکتے، پاکستان کا وقار مطلق آزادی و خودمختاری سے ہی وابستہ ہے، عہد ہے کہ جب تک مادرِ وطن کو سامراج کی مداخلتوں، شرارتوں اور سازشوں سے پاک کرکے حقیقی آزادی و خودمختاری نہیں دلوا لیتے چین سے نہیں بیٹھیں گے، اس مقصد کے حصول کیلئے ایک پرامن مگر بھرپور سیاسی تحریک کا آغاز کیا جا چکا ہے ۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا ماہِ رواں کے آخر میں ”غلامی نامنظور“ کے عنوان تلے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی جانب پُرامن فیصلہ کن ”غلامی نامنظور مارچ“ ہوگا، میں جلد اس تاریخی مارچ کی تاریخ کا اعلان کروں گا۔