Jun ۰۱, ۲۰۲۲ ۰۹:۴۳ Asia/Tehran
  • دہشت گردی کی لعنت کو شکست دینے کے لیے تمام راستے اپنائیں گے: پاکستانی وزیر اعظم

پاکستان کے وزیر اعظم نے اپنے دورۂ ترکی کے دوران دہشتگردی کو شکست دینے کے لئے تمام راستے اپنانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے ترکی پاکستان بزنس فورم سے خطاب کرتے دونوں ملکوں کے تعلقات کو تاریخی بتایا۔ انہوں نے کہا ترکی نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور ہم  ترکی کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اورتجارت کوبڑھانا چاہتے ہیں۔

اس سے قبل ترک میڈیا کو انٹرویو میں وزیراعظم شہباز شریف نے ترکی کے ساتھ دوطرفہ تجارت کو مستحکم کرنے کے لیے کام کرنے کی یقین دہانی کروانے کے ساتھ ساتھ اپنے ملک کو خود انحصاری اور سیاسی طور پر مستحکم بنانے کا عزم ظاہر کیا ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے تعلقات مثالی ہیں، یہ تاریخی تعلقات مشترکہ مذہبی، ثقافتی اور لسانی! روابط پر مضبوطی سے قائم ہیں اور دونوں طرف سے سیاسی تبدیلیوں سے بالاتر ہیں۔

کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیر اعظم نے کہا کہ  کابل کے موجودہ حکام نے بارہا ہمیں اور عالمی برادری کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ اپنی سرزمین کسی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے تمام دہشت گرد تنظیموں کے خلاف سخت کارروائی کرنے اور اپنی سرزمین سے تمام محفوظ پناہ گاہوں کو ختم کرنے کا عہد بھی کیا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ عالمی برادری کی طرح ہم توقع کرتے ہیں کہ کابل کے موجودہ حکام ان وعدوں پر قائم رہیں گے جو انہوں نے کیے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ دہشت گردی کی لعنت کو شکست دینے اور خطے اور اپنے ملک میں امن و استحکام کے حصول کو یقینی بنانے کے لیے تمام راستے اپنائیں گے۔

ٹیگس