ایران کے ساتھ پاکستانی عوام کی دوستی بہت واضح، اسماعیل بقائی
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے آج پریس کانفرنس میں سفارتی پیشرفت کے حوالے سے کہا ہے کہ صدر پزشکیان کا دورہ پاکستان بہت اہم تھا۔
سحرنیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے صدر مملکت ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے دورۂ پاکستان کے حوالے سے کہا کہ صدر کا یہ دورہ ایک بہت اہم دورہ تھا جو دونوں ملکوں کے تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز کرے گا۔ پاکستان کو تسلیم کرنے والے پہلے ملک کے طور پر ایران اور پاکستان کے درمیان ہمیشہ بہت اچھے تعلقات رہے ہیں اور ایران پاکستان کے ساتھ تعلقات کو وسعت دینے کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ اس دورے کے دوران بارہ دستاویزات پر دستخط کیے گئے- دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی معاہدے اور آزاد تجارت کے حوالے سے بھی بہت اہم فیصلےکئے گئے-

ایران کے ساتھ پاکستانی عوام کی دوستی بہت واضح ہے۔ ایران کے خلاف اسرائيلی اور امریکی فوجی جارحیت کے دوران پاکستان کے موقف کی ہم بےحد قدر کرتے ہیں کہ جس سے صیہونی حکومت کی توسیع پسندی کے خطرات کو درک کرنے کی نشاندہی ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان ای سی او کے بانی ممالک کی حیثیت سے خطے کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔