ہندوستان میں سیلاب سے مچی تباہی، گنگا اور جمنا ایک ہوئيں
ہندوستان کے علاقے پریاگ راج میں سیلاب کی وجہ سے گنگا اور جمنا کہاں ہیں، یہ پتہ لگانا مشکل ہوگيا ہے۔ ہندوستان میں پریاگ راج کے علاقے میں سیلاب کی وجہ سے گنگا اور جمنا کہاں ہیں، یہ پتہ لگانا مشکل ہوگيا ہے۔ قلعہ گھاٹ سے جھونسی تک سب برابر ہو گیا ہے۔ اپنے نوزائیدہ بچے کو بچانے کے لیے ماں-باپ کمر کے اوپر پانی میں ہو کر نکل رہے ہیں۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستان میں مانسون پوری طرح سرگرم ہے۔ اتر پردیش سمیت پورے شمالی ہندوستان میں مسلسل بارش ہو رہی ہے جس سے دریاؤں کی آبی سطح میں اضافہ ہو گیا ہے اور کئی شہروں میں سیلاب جیسے حالات ہیں۔ اتر پردیش میں شدید بارش کے بعد گنگا-جمنا قہر برپا کر رہی ہیں۔ یہاں سترہ اضلاع سیلاب کی زد میں ہیں۔ جہاں پریاگ راج میں کئی علاقے ڈوب چکے ہیں تو وہیں وارانسی سمیت کئی شہروں میں دریاؤں میں زبردست طغیانی ہے۔

پریاگ راج شہر کے سلوری، راجا پور، دارا گنج، بگھاڑا جیسے علاقے ڈوب گئے ہیں۔ وہیں مرزا پور، وارانسی، چندولی، بلیا میں بھی حالات ٹھیک نہیں ہیں لیکن سب سے زیادہ اثر پریاگ راج میں دیکھنے کو ملا ہے۔ جہاں سنگم نگری میں سات مہینے پہلے ہی پیر رکھنے کی جگہ نہیں تھی، وہاں اب صرف پانی ہی پانی ہے۔ شمال - جنوب - مشرق - مغرب پورا سنگم علاقہ سمندر جیسا نظر آ رہا ہے۔