Oct ۲۹, ۲۰۲۲ ۲۳:۰۰ Asia/Tehran
  • شہباز شریف کا  دعویٰ، عمران خان نے مشترکہ طور پر آرمی چیف لانے کی پیش کش کی

وزیراعظم شہباز شریف نے دعویٰ کیا ہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے مشترکہ طور پر آرمی چیف لانے کی پیش کش کی تھی جسے میں نے مسترد کردیا۔

سحر نیوز/ پاکستان: وی لاگرز سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے وزیراعظم نے دعویٰ کیا کہ عمران خان نے ایک شخص کے ذریعے متفقہ شخص کو آرمی چیف بنانے کی آفر بھیجی اور کہا کہ آرمی چیف کے لیے تین نام میں اور تین نام آپ دیں۔

شہباز شریف کے مطابق عمران خان نے کہا کہ ہم ان چھ ناموں کو سامنے رکھتے ہوئے نئے آرمی چیف کا فیصلہ کرلیں گے اور اگر اس میں کسی ایک کا نام مشترک ہوا تو اتفاق کرلیں گے۔

پاکستان کے وزیراعظم نے کہا کہ عمران خان کی پیش کش پر میں نے شکریہ کہہ کر صاف انکار کردیا اور پیغام بھیجا کہ یہ آئینی فریضہ ہے جو وزیراعظم کو ہی ادا کرنا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ہی میں نے عمران خان کو میثاق جمہوریت اور میثاق معیشت پر بات چیت کرنے کی پیش کش کی ہے۔

شہباز شریف نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ڈی جی آئی ایس آئی ندیم انجم نے مجھ سے اجازت لے کر پریس کانفرنس کی۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ عمران خان دو باتیں مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے خواہش مند ہیں، جس میں ایک مسئلہ آرمی چیف کی تقرری کا ہے۔

ٹیگس