Nov ۲۴, ۲۰۲۲ ۱۷:۰۷ Asia/Tehran
  • عاصم منیر آرمی چیف تعینات، صدر پاکستان نے سمری پر دستخط کر دیئے

صدرپاکستان نے نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی تعیناتی کی سمری پر دستخط کردیے۔

پاکستان کے صدر ڈاکٹرعارف علوی نے اہم تعیناتیوں کی سمری پر دستخط کردیے جس کے بعد جنرل عاصم منیر نئے آرمی چیف بن گئے۔ جبکہ جنرل ساحر شمشاد چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی آج ہی وزیراعظم اور صدر مملکت سے ملاقات ہوگی۔

واضح رہے کہ لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر پاکستانی فوج کے سینئر ترین تھری اسٹار آفیسر ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر نے پاکستانی فوج کی فرنٹیئر فورس رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا، 2014ء میں کمانڈر فورس کمانڈ ناردرن ایریا تعینات ہوئے اور 2017 میں ڈی جی ملٹری انٹیلی جنس کے عہدے پر فائز رہے۔

لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کو اکتوبر 2018ء میں ڈی جی ملٹری آئی ایس آئی تعینات کیا گیا، جس کے بعد جون 2019ء میں کور کمانڈر گوجرانوالہ کے عہدے پر تعینات ہوئے۔ عاصم منیر اکتوبر 2021ء سے جی ایچ کیو میں کوارٹر ماسٹر جنرل فرائض سرانجام دے رہے ہیں ۔ جبکہ لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا  نے پی ایم اے سے تربیت مکمل کرنے کے بعد انفرنٹری کی 8 سندھ رجمنٹ میں شمولیت اختیار کی اور مختلف اہم عہدوں پر فرائض سرانجام دیتے ہوئے موجودہ مقام تک پہنچے جنرل راحیل شریف کے آخری دو سالوں کے دوران وہ آرمی چیف کی کور ٹیم کا حصہ رہے۔

ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز فرائض سرانجام دیئے اور شمالی وزیرستان میں کالعدم ٹی ٹی پی اور دیگر عسکریت پسندوں کے خلاف فوجی آپریشن کی نگرانی بھی کی جبکہ اکتوبر 2021 میں کور کمانڈر راولپنڈی تعینات کیا گیا جہاں انہوں نے کشمیر اور سیاچن جیسے علاقوں کی نگرانی کی۔

ٹیگس