پاکستان کےنگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا (ویڈیو)
ایوان صدر اسلام آباد میں انوار الحق کاکڑ کی بطور نگران وزیراعظم حلف برداری کی تقریب ہوئی، صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی انوار الحق کاکڑ سے بطور نگران وزیراعظم عہدے کا حلف لیا۔
سحرنیوز/پاکستان: تقریب میں سابق وزیراعظم شہباز شریف کے علاوہ اسپیکر راجہ پرویزاشرف، گورنر پنجاب بلیغ الرحمان، گورنر سندھ کامران ٹیسوری، نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور پی ٹی آئی سینیٹر شہزاد وسیم سمیت سابق وفاقی وزراء اور اعلیٰ سیاسی و عسکری حکام شریک ہوئے۔
یاد رہے کہ انوار الحق کاکڑ نے پاکستان کے آٹھویں نگران وزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھایا ہے۔
اس سے قبل چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے انوار الحق کاکڑ کا بطور رکن سینیٹ استعفیٰ منظور کر لیا تھا۔
خیال رہے کہ نامزد نگران وزیراعظم نے گزشتہ روز سینیٹ اور بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔
واضح رہے کہ سبکدوش ہونے والے وزیر اعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر راجا ریاض کے درمیان ملاقاتوں اور اس عہدے کے لیے ممکنہ انتخاب کے بارے میں کئی دنوں سے جاری قیاس آرائیوں کے بعد انوار الحق کاکڑ کو ہفتے کے روز نگران وزیر اعظم کے طور پر نامزد کیا گیا تھا۔
گزشتہ روز جاری بیان میں وزیر اعظم شہباز شریف نے امید ظاہر کی تھی کہ انوار الحق کاکڑ شفاف انتخابات کو یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تمام جماعتوں کی طرف سے انوار الحق کاکڑ کے نام پر اعتماد، ان کے مناسب انتخاب کو ثابت کرتا ہے کیونکہ وہ نگران وزیر اعظم ایک پڑھے لکھے اور محب وطن شخص ہیں۔
انوارالحق کاکڑ مارچ 2018 میں آزاد حییثیت سے سینیٹ کے رکن منتخب ہوئے تھے، ان کی 6 سالہ مدت مارچ 2024 میں ختم ہوگی۔