پاکستان کے نگراں وزیر اعظم نے اشیاء کی قیمتوں میں کمی لانے کی ہدایت کردی
پاکستان کے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہونے کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لیے پرائس کنٹرول کا نظام سخت کرکے اشیاء کی قیمتوں میں کمی لانے کی ہدایت کردی۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے نگراں وزیراعظم نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایندھن کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کے نتیجے میں، میں نے وفاقی اور صوبائی سطح پر متعلقہ حکام کو پرائس کنٹرول کے سخت طریقہ کار کو فعال کرنے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام وزرائے اعلیٰ سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ضروری اشیاء اور خدمات کی قیمتیں اسی طرح کم کی جائیں، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ پاکستانی عوام کو منتقل کرنے کی طرف تمام تر توجہ اس طرف مرکوز کی جائے اور سرکاری ادارے اشیاء کی قیمتوں میں کمی لانے کےلیے ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔