محرم الحرام کا مہینہ، پاکستان میں اسلامی اتحاد کا مظہر
محرم الحرام میں عزاداری سیدالشہداء علیہ السلام کے آغاز کے ساتھ ہی کہ جسے عالم اسلام اور دیگر مذاہب کے پیروکاروں میں ایک اعلیٰ مقام حاصل ہے، پاکستانی حکام نے بھی محرم کے ایام کی یاد میں پیغامات جاری کیے ہیں-
سحرنیوز/ پاکستان: ارنا نیوز ایجنسی کے مطابق پاکستان کے صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے نئے قمری سال کے آغاز اور ماہ محرم کی مناسبت سے اپنے پیغامات میں حضرت امام حسین علیہ السلام اور شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کربلا میں امام حسین علیہ السلام کے وفادار ساتھیوں کی جانفشانی کا ذکر کرتے ہوئے واقعہ کربلا کو باطل کے خلاف حق کی جنگ کا مظہر قرار دیا-
انہوں نے کہا کہ حضرت سید الشہداء علیہ السلام اور ان کے مقدس خاندان نے اسلامی اقدار کے دفاع کے لیے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور یہی ایثار و فداکاری عدل و انصاف، اتحاد اور ظلم کے خلاف جدوجہد کے لیے تمام مسلمانوں کے امور میں سرفہرست ہونی چاہیے۔
حالیہ دنوں میں پاکستان میں ماہ محرم کی تعظیم و تکریم کے عنوان سے مختلف کانفرنسیں اور میٹنگیں منعقد کی گئیں، جس میں امام حسین علیہ السلام کے قیام کی ماہیت اور اہمیت کواجاگر کرتے ہوئے دشمنوں کی سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لیے اجتماعی اتحاد کی ضرورت، بالخصوص تفرقہ پھیلانے والوں اور انتہاپسندوں کے خلاف ہوشیاری کی ضرورت پر زور دیا گيا-