Jul ۱۳, ۲۰۲۴ ۱۸:۵۰ Asia/Tehran
  • بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نئے توشہ خانہ ریفرنس میں گرفتار

قومی احتساب بیورو (نیب) نے نئے توشہ خانہ ریفرنس میں بانی تحریک انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی گرفتاری ڈال دی۔

سحرنیوز/ پاکستان: پاکستان سے موصولہ رپورٹ کے مطابق نیب نے نئے توشہ خانہ ریفرنس میں، ڈپٹی ڈائریکٹر نیب محسن ہارون کی سربراہی میں دونوں کو گرفتار کیا۔

نیب ذرائع کے مطابق بطور وزیر اعظم بانی پی ٹی آئی اور اہلیہ نے توشہ خانہ سے تحائف حاصل کیے، الزام ہے کہ تحائف کم قیمت پر حاصل کر کے مہنگے داموں فروخت کردیے۔

قبل ازیں لاہور میں درج 9 مقدمات کے تفتیشی افسران بھی اڈیالہ جیل پہنچے، لاہور پولیس کی ٹیم انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی سے اجازت لے کر اڈیالہ جیل پہنچی۔

ذرائع کے مطابق لاہور پولیس کی جانب سے بانی بی پی ٹی آئی کی گرفتاری ڈالے جانے کا امکان ہے۔

خیال رہے کہ اسلام آباد کی عدالت نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف دوران عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف اپیلیں منظور کرتے ہوئے انہیں بری کردیا ہے تاہم فوری طور پر عمران خان کی رہائی ممکن نہیں ہے۔

 

ٹیگس