Aug ۰۲, ۲۰۲۵ ۱۱:۲۸ Asia/Tehran
  • ایران اور اسلام آباد خطے میں امن کے بنیادی ستون ہیں: وزیر اطلاعات پاکستان

پاکستانی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے ایران کے ساتھ تعلقات کو علاقائی تعاون کی بنیاد قرار دیا۔

سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے صدر مسعود پزشکیان کے دورہ پاکستان کو انتہائی اہم قرار دیا اور کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور پاکستان کے تعلقات معیاری ہیں اور گزشتہ مہینوں کے دوران نہ صرف ان تعلقات میں اضافہ ہوا ہے بلکہ دونوں ملک علاقائی استحکام، باہمی تعاون اور مختلف شعبوں میں شانہ بشانہ آگے بڑھ رہے ہیں۔

پاکستان کے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے ایران کے مرحوم صدر کے گزشتہ سال دورہ پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ شہید ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کے دورہ پاکستان کے دوران تجارت، سرمایہ کاری اور دیگر باہمی معاملات میں تعلقات میں استحکام کی سنگ بنیاد رکھی گئی تھی۔

عطاء اللہ تارڑ نے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے دورہ پاکستان کو بھی تہران اور اسلام آباد کے تعلقات میں ایک تاریخی موڑ اور انتہائی اہم قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ علاقائی امن و استحکام کے لحاظ سے بھی ایران اور پاکستان کے تعلقات کی بہت ہی اہم پوزیشن ہے۔

قابل ذکر ہے کہ صدر مملکت مسعود پزشکیان ایک اعلی سطحی وفد کی قیادت کرتے ہوئے ہفتہ 2 اگست کو پاکستان کا باضابطہ دورہ کریں گے۔ یہ دورہ پاکستان کے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی دعوت پر انجام پائے گا۔