ایران و پوری دنیا میں مولائے متقیان کے ایام شہادت کی مناسبت سے عزاداری
امیر المومنین حضرت علی علیہ السلام کے ایام شہادت کی مناسبت سے اسلامی جمہوریہ ایران سمیت پوری دنیا میں عزاداری کا سلسلہ جاری ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران میں منگل کی رات سے ہی امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام کے ایام شہادت کی مناسبت سے عزاداری کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
اس مناسبت سے مشہد مقدس میں فرزند رسولۖ حضرت امام علی رضا علیہ الصلوات و السلام اور قم میں آپ کی خواہر گرامی حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے مقدس روضوں کے علاوہ ملک کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں کی مساجد، امام بارگاہوں اور زیارت گاہوں میں بھی عزاداری کا سلسلہ جاری ہے۔
تہران کے حسینیہ امام خمینی رحمت اللہ علیہ میں بدھ کو دوسرے دن بھی نماز ظہرین کے بعد عزاداری کا اہتمام کیا گیا جس میں رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای اور ملک کے اعلی عہدیداروں کے ساتھ ہی عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ ہی عراق، شام، لبنان ، دیگر عرب ملکوں نیز اکثر یورپی اور ایشیائی ممالک بالخصوص پاکستان اور ہندوستان کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں بھی بدھ کی رات سے امیر المومنین حضرت علی علیہ السلام کی عزاداری کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
اسلام آباد، کراچی، لاہور، کوئٹہ اور پشاور سمیت پاکستان کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں اور قریوں میں بدھ کی رات پہلی شب قدر اور شب ضربت عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔
ممبئی، دہلی، حیدرآباد، لکھنؤ اور کولکتہ سمیت ہندوستان کے بھی تقریبا سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں امیر المومنین حضرت علی علیہ الصلوات والسلام کی عزاداری کا سلسلہ بدھ کی رات سے شروع ہو گیا اور یہ سلسلہ بدستور جاری ہے۔