روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام کے بارے میں غیرجانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ
ترجمہ و تلخیص: م۔ ہاشم
میانمار اور مشرقی ایشیا کی 41 مختلف تنظیموں نے میانمار میں حکومت کے ہاتھوں مسلمانوں کے انسانی حقوق کی پامالی اوران کے قتل عام کے بارے میں بین الاقوامی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
میانماراور مشرقی ایشیا میں سرگرم مختلف 41 تنظیموں نے ایک بیان جاری کرکے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ روہنگیا مسلمانوں کے انسانی حقوق کی پامالی کے بارے میں تحقیقات کے لئے میانمار حکومت پر دباؤ ڈالا جائے۔ اس بیان پر میانمار کی بعض نسلی اقلیتوں اور بودھ تنظیموں نے بھی دستخط کئے ہیں۔ یہ گروپ حال ہی میں ملیشیا میں میانمار کے مسلمانوں کے بارے میں ہونے والے اسلامی تعاون تنظیم(او آئی سی) کے ہنگامی اجلاس میں شریک تھے۔
ملیشیا کے دارالحکومت کوالا لمپور میں منعقدہ او آئی سی کے ہنگامی اجلاس کے بعد روہنگیا مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کے بارے میں غیر جانبدارانہ اور آزادانہ بین الاقوامی تحقیقات کی ضرورت کا مطالبہ رائے عامہ کی بیداری پر علاقائی اور بین الاقوامی رد عمل کے اثرات نیز مسلمانوں پر ہونے والے میانمار کی فوج کے مظالم کے بارے میں مختلف عوامی تنظیموں کے احساس ذمہ داری کا غماز ہے۔
اگر اقوام متحدہ اور اس کی سلامتی کونسل میانمار میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کے بارے میں غیر جانبدارانہ بین الاقوامی تحقیقات کے مطالبہ کی حمایت کرے اور اس کو عملی جامہ پہنائے تو ان ہولناک جرائم و مظالم کے بہت سے حقائق دنیا والوں کے سامنے آجائیں گے اور میانمار حکومت روہنگیا مسلمانوں کے خلاف ہونے والے جرائم و مظالم روکنے پر مجبور ہوجائے گي۔