Feb ۱۲, ۲۰۱۷ ۲۱:۱۷ Asia/Tehran
  • دنیا بھر میں اسلامی انقلاب کی سالگرہ کی دھوم

تحریر: نوید حیدر تقوی

جمعہ کے روز ایران میں اسلامی انقلاب کی اڑتیسویں سالگرہ کا جشن منایا گيا۔

 اس موقع پر ایران کے پانچ ہزار سے زیادہ شہروں میں عوام میں جلوسوں میں عظیم الشان شرکت کر کے انقلاب اور امام خمینی رح کے اعلی اہداف سے اپنی وفاداری کا اعلان کیا۔

اسلامی انقلاب کی کامیابی کی سالگرہ کے موقع پر منعقد پروگراموں اور جلوسوں میں ایرانی عوام کی زبردست شرکت کو عالمی پیمانے پر کوریج دی گئی۔

اخبار انڈیپنڈنٹ نے لکھا کہ امریکہ میں حال ہی میں بنی ٹرمپ حکومت اور ایران کے درمیان کشیدگی میں اضافے کے دوران ہزاروں ایرانیوں نے اسلامی انقلاب کی کامیابی کی سالگرہ کی تقریبات میں حصہ لیا اور امریکہ مردہ باد کے نعرے لگائے۔

برطانیہ سے شائع ہونے والے اخبار ڈیلی میل نے لکھا کہ اسلامی انقلاب کی کامیابی کی اڑتیسویں سالگرہ کے موقع پر ایرانی صدر ڈاکٹرحسن نے ان لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ جو ایرانی عوام سے دھمکی کی زبان میں بات  کرتے ہیں۔

اخبار ایکسپریس نے بھی لکھا ہے کہ ایرانی صدر نے اسلامی انقلاب کی سالگرہ کے موقع پر اپنے خطاب میں کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکیوں کا جواب دیا جائے گا اور امریکہ مردہ باد ٹرمپ کی دھمکیوں کا جواب ہے۔

امریکہ ہی سے شائع ہونے والے اخبار واشنگٹن پوسٹ نے لکھا ہے کہ ایران نے امریکہ کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان اسلامی انقلاب کی اڑتیسویں سالگرہ کا جشن منایا اور کروڑوں لوگ دارالحکومت تھران کی شاہراہوں پر آئے۔

برطانیہ کے آئی ٹی وی چینل نے بھی اپنی ایک رپورٹ میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے اسلامی انقلاب کی اڑتیسویں سالگرہ کے موقع پر اپنے خطاب میں زور دیا ہے کہ دھمکی کی زبان کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا اور ایران کے ملک کو جنگ پسندانہ پالیسیوں سے ڈرایا نہیں جاسکتا۔

فوکس نیوز نے بھی اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ ایرانی عوام نے  اسلامی انقلاب کی سالگرہ کے پروگراموں میں شرکت کرکے ڈونلڈ ٹرمپ کی بیان بازیوں کا جواب دے دیا ہے۔

اخبار ٹائمز نے لکھا ہے کہ تھران میں انقلاب کی سالگرہ کے جلوس کے شرکاء نے امریکہ کے موجودہ اور سابق صدور کی تصاویریں اٹھا رکھی تھیں اور ان کے خلاف نعرے لگا رہے تھے، جبکہ کچھ ایسے پلے کارڈز بھی تھے جن پر انگریزی میں ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا گیا تھا جنہوں نے امریکہ کا حقیقی چہرہ پھر سے دکھا دیا۔

 ایسوسی ایٹڈ پریس نے لکھا ہے کہ ایران کے عوام نے امریکہ کی نئی حکومت کے ساتھ لفظی جنگ کے درمیان ایک بار پھر علی الصبح وسیع پیمانے پر سڑکوں پر آکر انقلاب کی کامیابی کا جشن منایا۔

اکونومسیٹ نے لکھا ہے کہ ٹرمپ کی دھمکیوں کی مہربانی سے اس سال ایران میں اسلامی انقلاب کی کامیابی کا جشن، گذشتہ اڑتیس برسوں کے درمیان منائے گئے شاندار جشنوں میں سے ایک تھا۔

سی این این نے بھی تھران میں انقلاب اسلامی کی کامیابی کے جلوس کو لائیو ٹیلی کاسٹ کرتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ اس سال ایرانی عوام زیادہ پرجوش تھے۔

پی ٹی آئی نے لکھا کہ میزائل پروگرام کے سلسلے میں ٹرمپ کی دھمکیوں کے بعد، ان شہروں میں زیادہ جوش کے ساتھ جلوسوں میں شریک ہوئے جہاں درجہ حرارت صفر سے نیچے تھا۔      

فرانس چوبیس، یورو نیوز، فرانس پریس، روئیٹرز، اے پی ٹی این، الجزیرہ، الاتجاہ، المیادین، اور المنار ٹی وی چینلوں نے بھی ایران کے اسلامی انقلاب کی سالگرہ کے جلوس اور ریلیوں میں ایرانی عوام کی بھرپور شرکت اور ایران مخالف امریکی دھمکیوں پر ایرانی عوام کے ردعمل اور صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی کے بیان کا وسیع پیمانے پرانعکاس کیا۔

 

ٹیگس