عالمی یوم دمہ
تحریر: م۔ ہاشم
سال ہائے گزشتہ کی طرح امسال بھی (گزشتہ منگل کو) ”عالمی یوم دمہ“ منایا گيا۔ 1998ع سے ہر سال مئي کے پہلے منگل کو عالمی یوم دمہ منایا جاتا ہے۔ اس کا مقصد دمے کی بیماری کے بارے میں لوگوں میں بیداری پیدا کرنا اور اس کے علاج معالجے کی طرف عالمی پیمانے پر توجہ دلانا ہے۔ دمے کو انگریزی میں ”استھما“ (Asthama) کہتے ہیں جو ایک یونانی لفظ سے ماخوذ ہے۔
دمہ سانس کی ایک بیماری ہے جس میں انسان کے پھیپھڑے متاثر ہوتے ہیں۔ اس بیماری میں سانس کی نالیاں سکڑ جاتی ہیں اور ان میں ہَوا کا گُزر مشکل سے ہوتا ہے۔ مریض کو سانس لینے میں شدید تکلیف ہوتی ہے اور سینے میں جکڑن اور دباؤ محسوس ہوتا ہے۔ دمہ ایسی بیماری ہے جو کسی بھی عمر میں ہوسکتی ہے لیکن تحقیقات کے مطابق اس بیماری میں زیادہ تر بچے اور نوجوان مبتلا ہوتے ہیں۔ ایک تحقیق سے یہ بھی پتہ چلا ہے کہ 50 فی صد افراد عمر کے دسویں سال سے پہلے ہی دمے کی بیماری میں مبتلا ہوجاتے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ دنیا بھر میں 30 کروڑ افراد دمے سے متاثر ہیں اور ڈھائي لاکھ افراد کی موت ہر سال اس مرض کی وجہ سے ہوجاتی ہے۔
دمے کی بیماری کی سب سے اہم وجہ سرد ہوا اور دھواں بتایا جاتا ہے۔ فضائي آلودگی، سگریٹ نوشی اور نامناسب غذا بھی دمے کی بنیادی وجوہات میں شامل ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ سردیوں کے موسم کے اوائل اور اواخر میں دمے کے مریضوں کی تعداد میں خاصا اضافہ ہوتا ہے۔ اسپتالوں میں دمے کے مریضوں کی تعداد میں کئي گنا اضافہ ہوجاتا ہے جن میں اکثر مریضوں کا تعلق دیہی علاقوں سے ہوتا ہے۔
تحقیقات کے مطابق وٹامن ڈی دمے کے مرض میں مفید ہے۔ ایشیا اور یورپ کے کئي ممالک میں دمے کے مریضوں پر کئي گئيں تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ وٹامن ڈی اور اس کی حامل اشیا و ادویات سے دمے کے حملے کو کم کیا جاسکتا ہے۔ تحقیقات کے مطابق دمے کے مریض اگر وٹامن ڈی اور اس کی حامل اشیا و ادویات لیں تو یہ ان کے لئے بے حد مفید ثابت ہوسکتا ہے۔
دمے کے مریض اِن ہیلر(Inhaler) کا بھی استعمال کرتے ہیں جو بے حد مفید ہے۔ اِن ہیلر آسانی سے استعمل کئے جاسکتے ہیں۔ اِن ہیلر سستے ہوتے ہیں اور مریض کو آرام بھی جلدی مل جاتا ہے۔
کچھ گھریلو نسخوں سے بھی دمے کے مرض میں افاقہ ہوسکتا ہے۔
٭ ادرک: چائے کے ایک چمچ کے برابر پسی ہوئي ادرک ڈیڑھ کپ پانی میں ملا کر سونے سے پہلے پینا مفید ہے۔
٭ انجیر: سوکھے تین عدد انجیر رات بھر پانی میں بھگو کر رکھیں۔ اگلی صبح یہ پانی نہار منہ پینا مفید ہے۔
٭ لسن یا لہسن: پاؤ کپ دودھ میں لسن کے تین جَوے ڈال کر اُبالیں اور پھر رات کو سونے سے پہلے یہ دودھ پینے سے بھی افاقہ ہوگا۔
٭ بھاپ لینا بھی دمے کے مرض میں مفید ہے۔
(اس مضمون میں بتائے گئے نسخوں یا طریقوں پر عمل کرنے سے پہلے طبیب سے مشورہ لینا ضروری ہے۔)