Dec ۱۸, ۲۰۲۱ ۰۶:۲۳ Asia/Tehran
  • اب حجر الاسود کو ورچوئل دیکھ  سکیں گے!

سعودی  عرب کی حکومت نے مسلمانوں کے مقدس ترین مقامات میں شمار ہونے والے "حجر اسود" کو ورچوئل ریئلٹی کے ذریعے گھر بیٹھ کر دیکھنے کے منصوبے کا آغاز کردیا۔

اس منصوبے کا افتتاح حرمین شریفین کے انتظامی امور کے ادارے رئاسة شؤون الحرمين کے سربراہ ڈاکٹرعبدالرحمٰن السدیس نے کیا۔ اس منصوبے میں سعودی عرب کی معروف یونیورسٹی ’ام القرا یونیورسٹی‘ کا تعاون بھی ہے۔

منصوبے کا افتتاح ’مدینہ پروجیکٹ‘ نامی ڈیجیٹل نمائش کے تحت کیا گیا، جس میں مسجدالحرام سمیت مسجد نبوی (ص) کو ورچوئل طریقے سے دکھایا جا رہا ہے۔

ویب سائٹ کے مطابق فوری طور پر دنیا بھر کے لوگ ’حجر اسود‘ کو ورچوئل طریقے سے نہیں دیکھ سکیں گے، تاہم جلد ہی منصوبے کو وسعت دے کر اسے عام بنایا جائے گا۔

حجر اسود‘ کو ورچوئل طریقے سے گھر بیٹھے دیکھنے کے لیے لوگوں کو وی آر ہیڈ کا استعمال کرنا ہوگا اور ایسے لوگ ادارے کی ویب سائٹ پر دیے گئے لنک سے انٹرنیٹ کے ذریعے منسلک ہوکر ’حجر اسود‘ کو دیکھ سکیں گے۔

Image Caption

 

حرمین شریفین کے منتظم ادارے کے مطابق مذکورہ منصوبے کے تحت لوگ ورچوئل طریقے سے نہ صرف ’حجر اسود‘ کو قریب سے دیکھ سکیں گے بلکہ اسے ڈیجیٹل چھو بھی سکیں گے اور ممکنہ طور پر ایسی ٹیکنالوجی بھی استعمال کی جائے گی، جس سے لوگ ’حجر اسود‘ کی خوشبو کو بھی محسوس کر سکیں گے۔

اگرچہ ’حجر اسود‘ کو ورچوئل طریقے سے دیکھنے کے منصوبے کا آغاز کردیا گیا، تاہم یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ مذکورہ منصوبے کے تحت عام لوگ کب تک مستفید ہو سکیں گے۔

فوری طور پر منصوبے کے تحت مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں سعودی حکومت کی جانب سے کی جانے والی ورچوئل نماش میں لوگ ’حجر اسود‘ کو دیکھ سکیں گے۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ مذکورہ منصوبے کو عام افراد کے لیے کھولنے میں مزید کئی ماہ لگ سکتے ہیں، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

بشکریہ

ڈان نیوز

 

ٹیگس