کورونا وائرس میں مبتلا افراد 90 دن کے اندر دماغی امراض میں مبتلا ہو سکتے ہیں
ایک نئی طبی تحقیق میں انکشاف کیا گیا ہے کہ کورونا وائرس کا شکار ہونے والے زیادہ تر افراد میں 90 دن کے اندر دماغی امراض میں مبتلا ہونے کے امکانات ہوتے ہیں۔
یہ دعوی ماہرین نفسیات نے کیا ہے۔ نفسیاتی ماہرین نے کہا ہے کہ کورونا میں مبتلا ہونے والے 20 فیصد مریض 90 دن کے اندر دماغی یا نفسیاتی مسائل کا شکار ہوجاتے ہیں۔
کوویڈ- 19 سے صحت یاب ہونے والے افراد میں بے چینی، ڈپریشن اور بے خوابی کے مسائل سب سے زیادہ عام ہیں۔
یہ بات ذہنی صحت سے متعلق بیماریوں کے مسائل پر کی جانے والی تحقیق میں بتائی گئی۔
تحقیق سے یہ بات بھی معلوم ہوئی کہ کورونا سے صحت ہاب ہونے والے افراد میں 90 دن کے اندر ڈمینشیا کے مسائل بھی پیدا ہوتے ہیں۔
یہ تحقیق لانسیٹ نفسیاتی جریدے میں شائع ہوئی، اس تحقیق میں امریکا سے تعلق رکھنے والے 69 لاکھ افراد کے الیکٹرانک ہلیتھ ریکارڈ کا جائزہ لیا گیا، جس میں 62 ہزار سے زیادہ کوویڈ- 19 سے متاثرہ افراد کی تعداد کو شامل کیا گیا تھا۔
محقق کا کہنا تھا کہ کوویڈ- 19 کے مثبت آنے کے 3 ماہ تک لیے گئے جائزے کے مطابق کورونا سے صحت یاب ہونے والے ہر 5 میں سے ایک فرد میں پہلی بار بے چینی، ڈپریشن اور بے خوابی کے مرض کی تشخیص کی گئی جبکہ دوسرے گروپ میں یہ تعداد دوگنی تھی۔
مطالعے سے یہ بات بھی معلوم ہوئی کہ جو افراد پہلے سے ذہنی و نفسیاتی مسائل کا شکار ہیں ان میں عام افراد کے مقابلے میں کورونا کی تشخیص کے امکانات 65 فیصد زیادہ ہوتے ہیں۔