حکومت برازیل کا زیکا وائرس پھیلانے والے مچھروں کے خاتمے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کا اعلان
حکومت برازیل نے زیکا وائرس پھیلانے والے مچھروں کے خاتمے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کا اعلان کیا ہے۔
دارالحکومت برازیلیا سے ہمارے نمائندے کے مطابق صدر دیلما روسف نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ زیکا وائرس پھیلانے والے مچھروں کے خاتمے کے لیے قومی سطح پر متحرک ہونے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے وفاقی سطح پر فوج اور تمام حکام کو متحرک ہونے کا حکم دیا ہے اور صوبائی اور میونسپلٹی کی سطح پر بھی ایسے ہی اقدامات کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ملک میں زیکا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے سلسلے میں حکومت کا ساتھ دیں۔
صدر روسف کی جانب سے یہ اپیل عالمی ادارہ صحت کے اس اعلان کے بعد سامنے آئی ہے کہ اس وائرس سے لاحق خطرات اب ہنگامی صورتحال کی شکل اختیار کر چکے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ صرف برازیل میں ڈیڑھ ملین لوگوں کے زیکا وائرس میں مبتلا ہونے کا امکان موجود ہے ۔ عالمی ادارہ صحت کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کینیڈا اور چلی کو چھوڑ کر پورے براعظم امریکہ میں زیکا وائرس کے پھیلنے کا خطرہ موجود ہے۔
سن انیس سو سینتالیس میں افریقی ملک یوگینڈا کے زیکا نامی جنگلات میں دریافت ہونے والا یہ وائرس پہلی بار ایک مچھر کے ذریعے انسان میں منتقل ہوا تھا۔ تاحال اس وائرس کے لیے کوئی ویکسین تیار نہیں ہو سکی ہے۔
دوسری جانب زیکا وائرس کی ویکسین پر کام کرنے والے سائنسدانوں نے کہا ہے کہ یہ ویکسین ماضی کے اندازوں کے برخلاف ایک برس کے اندر اندر تیار کی جا سکتی ہے۔