Feb ۲۵, ۲۰۱۶ ۱۷:۱۹ Asia/Tehran
  •  پاکستان کرکٹ ٹیم کو ہندوستان میں ہونے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں شرکت کی اجازت

حکومت پاکستان نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو ہندوستان میں ہونے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں شرکت کی اجازت دے دی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے دونوں ملکوں کے کشیدہ تعلقات اور شیو سینا جیسی بعض سخت گیر تنظیموں کی طرف سے دھمکیوں کے پیش نظر حکومت سے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں شرکت کرنے یا نہ کرنے کی ا جازت مانگی تھی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ اس ایونٹ میں اس کی شرکت اسی صورت میں ممکن ہو گی جب پاکستانی حکومت، ہندوستان میں کھیلنے کی اجازت دے گی۔ حکومت پاکستان نے اپنے فیصلے میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کو ہندوستان میں ہونے والے آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں شرکت کی اجازت دے دی ہے۔ البتہ یہ اجازت خصوصی طور پر ورلڈ ٹی ٹوئنٹی دو ہزار سولہ کے لئے دی گئی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے ٹیم کو ہندوستان جانے کی اجازت ملنے پر ہم بہت خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے آئی سی سی سے پاکستان کرکٹ ٹیم کے لئے خصوصی انتظامات کرنے کی درخواست کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ ہندوستانی حکومت ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ دیکھنے کے لئے ہندوستان جانے کے خواہشمند شائقین کو ویزے اور دیگر سہولیات فراہم کرے گی۔

ٹیگس