Mar ۱۴, ۲۰۱۶ ۱۰:۰۷ Asia/Tehran
  • ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کی ایک اور فتح

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کوالیفائنگ راؤنڈ کے آخری میچ میں بنگلہ دیش نے عمان کو شکست دے کر سُپر ٹین کیلئے جگہ بنالی، اس مرحلے میں سولہ مارچ کو پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کولکتہ میں مقابلہ ہو گا۔

دھرم شالہ میں بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کی اور تمیم اقبال کی شاندار سینچری کی بدولت وہ ایک سو اسی رن بنانے میں کامیاب رہا جبکہ اس کے صرف دو کھلاڑی آؤٹ ہوئے، تمیم اقبال نے ترسٹھ گیندوں پر ایک سو تین رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی،جس میں انھوں نے دس چوکے اور پانچ چھکے بھی لگائے، شبیر الرحمان نے چوالیس رن رن بنائے۔

بنگلہ دیش کی اننگز کے بعد بارش ہو گئی، عمان کی اننگز میں دو مرتبہ کھیل کو روکنا پڑا، دو مرتبہ ہدف بھی تبدیل کیا گیا۔ عمان کی ٹیم کو بارہ اوورز میں ایک سو بیس رن بنانا تھے، اس کوشش میں اُس کے بیٹسمین جلدی جلدی آؤٹ ہو گئے اور ڈک ورتھ اینڈ لوئیس میتھڈ کے تحت وہ چون رن سے شکست کھا گئی، شکیب الحسن نے چار وکٹ حاصل کئے۔