آسمان فٹبال کے ستارے میسی کے ستارے گردش میں، قید اور جرمانے کی سزا
اسپین کی ایک عدالت نے ارجنٹائن کے معروف فٹبال اسٹار لیونل میسی اور ان کے والد جارج میسی کو ٹیکس فراڈ کیس میں ایک سال نو ماہ قید کی سزا سنائی ہے۔
خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق لیونل میسی پر، پراکٹر اینڈ گیمبل، پیپسی کولا ایڈیڈاس اور کویت فوڈ کمپنی سمیت مختلف کمپنیوں سے معاہدوں کے تحت حاصل کی گئی آمدنی چھپانے کے الزامات ہیں۔
مذکورہ عدالت نے جرم ثابت ہونے پر لیونل میسی پر بیس لاکھ یورو اور ان کے والد پر پندرہ لاکھ یورو کا جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔
ہسپانوی قوانین کے مطابق دو سال سے کم کی سزا پر مجرم کو جیل نہیں بھیجا جاتا، اس لئے میسی اور ان کے والد ممکنہ طور پر جیل گئے بغیر قانونی کارروائی کا سامنا کریں گے۔
عدالت نے ملزمان کو سپریم کورٹ میں اس فیصلے خلاف اپیل دائر کرنے کا حق بھی دیا ہے۔
یاد رہے کہ لیونل میسی نے چند روز قبل ہی کوپا امریکا کے فائنل میں قومی ٹیم کی چلی کے ہاتھوں شکست کے بعد بین الاقوامی فٹبال سے سبکدوش ہونے کا اعلان کیا تھا۔