Jul ۳۱, ۲۰۱۶ ۱۶:۵۹ Asia/Tehran

جس وقت کہنہ مشق امریکی اسکائی ڈائیور لیوک ایکنس نے جرائت مندانہ طریقے سے سات ہزار چھے بیس میٹر یا تقریبا پچیس ہزار فٹ کی بلندی سے پیراشوٹ کے بغیر چھلانگ لگائی تو لوگ اسے دیوانہ کہہ رہے تھے۔

بیالیس سالہ ایکنس نے ریاست کیلی فورنیا کی سیمی ویلی میں ایسا کارنامہ رقم کیا جس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔ جب اس امریکی مہم جو نے ہوائی جہاز سے چھلانگ لگائی تو اس وقت سے لیکر ساڑھے تین بائی سا ڑھے تین مربع میٹر کے جال پر گرنے تک، اس کی بیوی سمیت سیکڑوں لوگوں کی سانسیں رکی رہیں۔

لیوک ایکنس ڈائیونگ کرتے ہوئے

لچکدار جال پر گرنے کے بعد ایکنس نے چند سیکنڈ کا جو وقفہ دیا اس نے بہت سوں کو پریشان کردیا لیکن جب وہ اٹھا اور اپنے ہاتھ ہلا کر کامیابی کا اعلان کیا تو سب کو یقین ہوگیا کہ اس کی اٹھارہ مہینے کی محنت رنگ لے آئی ہے۔ خود ایکنس نے بھی پچیس ہزار فٹ کی بلندی سے چھلانگ لگانے کے اس تجربے کو انتہائی خطرناک تاہم حیرت انگیز قرار دیا۔

وہ جال جس پر ایکنس اترنے میں کامیاب ہوا

لیوک ایکنس کے ساتھ تین اور ڈائیور بھی تھے تاہم وہ پیراشوٹ پہنے ہوئے تھے اور زمین کے قریب پہنچتے ہی ان سب نے اپنے پیراشوٹ کھول لئے تھے۔ اسکائی ڈائیونگ کا یہ انوکھا تجربہ براہ راست مگر تھوڑے سے وقفے کے ساتھ ٹیلی ویژن پر دکھایا جارہا تھا۔

ٹیگس