Aug ۲۵, ۲۰۱۶ ۲۰:۵۰ Asia/Tehran
  • ریو اولمپیک چیمپیئن کیانوش رستمی کو معصومہ قم سلام اللہ علیھا کے حرم کا خادم بننے کا اعزاز

ریو اولمپیک میں طلائی تمغہ جیتنے والے ایران کے ویٹ لیفٹر کیانوش رستمی کو جناب فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے حرم مطہر کا اعزازی خادم بننے کا شرف حاصل ہو گیا۔

ریو اولمپیک میں سونے کا تمغہ جیتنے والے ایرانی ویٹ لیفٹر کیانوش رستمی نے قم میں جناب فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے حرم مطہر کے متولی آیۃ اللہ سعیدی سے حرم مطہر کا اعزازی خادم بننے کا نشان حاصل کیا- کیانوش رستمی نے جناب فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے حرم مطہر کی زیارت کے بعد حرم اقدس کے متولی آیۃ اللہ سعیدی سے ملاقات کی- اس ملاقات میں آیۃ اللہ سعیدی نے کہا کہ ریو اولمپیک کا طلائی تمغہ شہدائے مدافع حرم کے نام کر دیئے جانے کے آپ کے اقدام سے اس بات کا پتہ چلتا ہے کہ حرم اہلبیت اطہار علیھم السلام اور اس کا دفاع کرنے والوں سے آپ کے دل میں کتنی محبت ہے-  آیت اللہ سعیدی نے کہا کہ آپ کے اس اقدام نے ایرانی عوام، رہبرانقلاب اسلامی، شہدا کے اہل خانہ خاص طور پر شہدائے مدافع حرم کے اہل خانہ کے دلوں کو شاد کر دیا- کیانوش رستمی نے بھی اس ملاقات میں کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ کریمہ اہل بیت (س) کے حرم مطہر کی خدمت اور بی بی فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کی غلامی، اولمپیک کے میڈل سے کہیں زیادہ اہمیت رکھتی ہے اور اس شرف سے آئندہ کے میچوں اور مقابلوں کے لئے میرے اندر اور زیادہ طاقت اور توانائی بڑھے گی-