عمران خان کی جانب سے حنیف محمد کو خراج عقیدت
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور پی ٹی آئی کے سربراہ عمران نے منگل کو کراچی میں پاکستان کے عظیم کرکٹر مرحوم حنیف محمد کے گھر جا کر ان کے اہل خانہ کو ان کے انتقال پر تعزیت پیش کی۔
اس موقع پر حنیف محمد کے گھر کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ کرکٹرحنیف محمد پاکستان کا اہم اثاثہ اور ہمیشہ میچ ونر تھے۔ پاکستان کی کرکٹ کے لئے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی-
عمران خان نے کہا کہ حنیف محمد نے اپنے کھیل سے ملک کا نام روشن کیا ان میں بہترین بیٹسمین کی تمام خصوصیات موجود تھیں- اس موقع پر عمران خان نے سیاسی باتوں سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی باتیں نشترپارک کے جلسے میں کروں گا-
انہوں نے کہا کہ حنیف محمد تمام کھلاڑیوں کے لئے رول ماڈل تھے حکومت کو ان کی مدد کرنی چاہئے تھی- کرکٹ کے تعلق سے بھی انہوں نے وزیراعظم کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کو کوئی حق نہیں پہنچتا کہ وہ اپنے سفارشی کو کرکٹ بورڈ میں لگائیں-
ان کا کہنا تھاکہ جب تک کرکٹ کو ادارہ نہیں بنایا جائے گا کرکٹ میں بہتری نہیں آئے گی- انہوں نے تجویز پیش کی کہ حکومت حنیف محمد کے نام سے کوئی اسٹیڈیم منسوب کرے- یاد رہے کہ گذشتہ گیارہ اگست کو حنیف محمد کا کراچی میں علالت کے باعث انتقال ہو گیا تھا۔