Sep ۲۱, ۲۰۱۶ ۱۵:۴۸ Asia/Tehran
  • عرب ملکوں کے بجٹ خسارے میں زبردست اضافہ

رواں سال کے دوران خلیج فارس کے عرب ملکوں کے بجٹ خسارے میں زبردست اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

کویت میں قائم ایک تحقیقی مرکز کی رپورٹ کے مطابق رواں سال کے دوران خلیج فارس کے عرب ملکوں کو تیل کی قیمتوں میں کمی کے سبب زبردست بجٹ خسارے کا سامنا کرنا پڑے گا۔ کویت میں قائم کیمکو ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی رپورٹ میں پیشگوئی کی گئی ہے کہ سعودی عرب، کویت ، متحدہ عرب امارات، قطر، عمان اور بحرین کے بجٹ خسارے میں مجموعی طور پر ایک سو ترپن ارب ڈالر تک کا اضافہ ہوسکتا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال کے دوران خلیج فارس تعاون کونسل کے چھے رکن ملکوں کا مجموعی بجٹ خسارہ ایک سو انیس ارب ڈالر کے برابر تھا۔اس رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ بجٹ خسارہ سعودی عرب کو برداشت کرنا پڑے گا جس کی مجموعی مالیت چوارسی ارب ڈالر تک پہنچ جائےگی۔ خلیج فارس کے عرب ملکوں کے بجٹ خسارے میں اضافے کا امکان ایسے وقت میں ظاہر کیا جارہا ہے جب ان ممالک نے ابتر مالی صورتحال پر قابو پانے کے لیے معاشی کفایت شعاری کی مختلف پالیسیوں پرعملدرآمد شروع کر رکھا ہے جس میں ایندھن، توانائی اور خدمات پر دی جانے والی مراعات میں کمی جیسے معاملات شامل ہیں۔ان ملکوں کی معاشی کفایت شعاری کی پالیسیوں کا بوجھ براہ راست عوام کو برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔