ایران کی فٹسال ٹیم نے پانچ بار کی عالمی چیمپیئن برازیل کو شکست دے دی
Sep ۲۲, ۲۰۱۶ ۰۸:۴۶ Asia/Tehran
ایران کی قومی فٹ سال ٹیم نے پانچ بار کی عالمی چیمپیئن برازیل کی ٹیم کو شکست دے کر کولمبیا میں ہونے والے عالمی کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق برازیل کی فٹسال ٹیم کہ جو پانچ بار عالمی کپ جیت چکی ہے کوارٹر فائنل میں پینلٹی ککس پر ایران سے ہار گئی۔
دونوں ٹیموں نے مقررہ وقت میں تین تین گول کیے تھے اور اس طرح یہ مقابلہ برابر رہا تھا۔ اضافی وقت میں بھی دونوں ٹیموں نے ایک ایک گول کیا اور اس طرح نوبت پینلٹی ککس تک پہنچی۔
پینلٹی ککس میں ایران نے برازیل کو دو کے مقابلے میں تین گول سے ہرا دیا اور مجموعی طور پر چھے کے مقابلے میں سات گول سے کامیابی حاصل کی اور سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
ایران کی قومی فٹسال ٹیم کا سیمی فائنل میں پیراگوائے کی ٹیم سے مقابلہ ہو گا۔