بیلجیئم ہاکی کا عالمی چیمپئن
Dec ۱۷, ۲۰۱۸ ۰۸:۰۱ Asia/Tehran
بیلجیئم نے فائنل میں ہالینڈ کو پنالٹی شوٹ آﺅٹ پر 2 کے مقابلے 3 گول سے شکست دے کر پہلی بار ہاکی کا عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
ہندوستان کے شہر بھونیشور کے کالنگا اسٹیڈیم میں ہونے والے ورلڈ کپ کے فائنل میں بیلجیئم اور ہالینڈ کا مقابلہ مقررہ وقت پر بغیر کسی گول پر برابر رہا جس کے بعد دونوں ٹیموں کو پنالٹی شوٹ آﺅٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
بیلجیئم نے یہ مقابلہ 2-3 سے اپنے نام کر کے چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا جب کہ ایک اور میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو ایک کے مقابلے میں8 گول سے ہرا کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔
واضح رہے کہ ہاکی ورلڈ کپ کے ایونٹ میں مجموعی طور پر 16 ٹیموں نے شرکت کی تاہم بیلجیئم اور ہالینڈ کی ٹیمیں ٹائٹل مقابلے تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔