نیتن یاہو ویانا ایٹمی معاہدہ تسلیم کر لیں: اسرائیل کے سابق فوجی جنرل
Aug ۰۳, ۲۰۱۵ ۱۷:۰۵ Asia/Tehran
صیہونی فوج کے سابق جنرلوں نے وزیر اعظم نیتن یاہو سے ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کا ایٹمی معاہدہ قبول کرنے کی اپیل کی ہے۔
اسرائیلی ٹی وی سات کی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق صیہونی فوج کے سابق جنرلوں نے پیر کے دن صیہونی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو سے اپیل کی کہ وہ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان ہونے والے معاہدے کو ایک حققیت کے طور پر تسلیم کر لیں۔ ان جنرلوں کا کہنا ہے کہ بنیامین نیتن یاہو کو خطے میں ایران کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ پر مبنی چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لئے امریکا کے ساتھ اپنے تعلقات بہتر کرنے کی جانب توجہ دینی چاہئے۔ صیہونی اخبار یدیعوٹ احرونوٹ نے لکھا تھا کہ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان ہونے والے معاہدے کی وجہ سے امریکا میں یہودی حلقوں میں شدید اختلافات پیدا ہو گئے ہیں۔ نیتن یاہو نے سابق صیہونی حکام کے برخلاف امریکی حکومت کے ساتھ اختلافات پیدا کر لئے ہیں اور انہوں نے علانیہ طور پر ایران کے ایٹمی پروگرام کے سیاسی حل پر مبنی پالیسی کی مخالفت کا اعلان کیا ہے جس کی وجہ سے واشنگٹن کے ساتھ اسرائیل کے تعلقات میں کشیدگی پیدا ہو گئی ہے۔ دونوں ممالک کے تعلقات میں اس طرح کی کشیدگی اس سے پہلے کبھی بھی پیدا نہیں ہوئی تھی۔ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان چودہ جولائی کو ایران کے ایٹمی پروگرام کے بارے میں ایک معاہدہ ہوا اور اس کے ایک ہفتے کے بعد اقوام متحدہ اور یورپی یونین نے اس ایٹمی معاہدےکی توثیق کر دی۔