Aug ۰۸, ۲۰۱۵ ۱۰:۰۲ Asia/Tehran
  • لبنان میں کئی دہشت گردوں کی گرفتاری

لبنانی فوج نے کئی دہشت گردوں کی گرفتاری کی خبر دی ہے-

موصولہ رپورٹ کے مطابق لبنانی فوج نے جمعے کے روز ایک بیان میں کہا کہ فوج نے دہشت گردانہ سرگرمیوں کے خلاف کارروائی جاری رکھتے ہوئے دہشت گرد گروہوں سے وابستہ ایک شامی شہری اور دو لبنانی شہریوں کو گرفتار کر لیا ہے- رپورٹ کے مطابق گرفتار ہونے والے تینوں افراد کو ابتدائی تفتیش کے بعد متعلقہ عدالتی اداروں کے حوالے کر دیا گیا ہے- ادھر لبنانی فوج کے انٹیلی جنس شعبے نے کہا ہے کہ لبنانی فوج نے شمال مشرقی علاقے البقاع سے اغوا کی کارروائی کے سلسلے میں چار افراد کو گرفتار کیا ہے- مغوی لبنانی فوجیوں کا بحران، شام سے متصل لبنان کے شمال مشرقی علاقے عرسال پر دو تکفیری دہشت گرد گروہوں داعش اور جبہۃ النصرہ کے مسلح دہشت گردوں کے گزشتہ سال اگست میں ہونے والے حملے کے بعد شروع ہوا تھا- اس حملے کے بعد دہشت گردوں اور لبنانی فوجیوں کے درمیان جھڑپ ہوئی تھی جس کے بعد دہشت گردوں نے بعض لبنانی فوجیوں کو اغوا کرلیا تھا- جبہۃ النصرہ گروہ کے دہشت گرد لبنانی حکومت کو مشتعل کرنے کے مقصد سے اب تک تین لبنانی فوجیوں کو قتل کر چکے ہیں-