سلامتی کونسل میں ویٹو کے حق پر تنقید
Aug ۱۰, ۲۰۱۵ ۰۹:۳۲ Asia/Tehran
اقوام متحدہ کے سابق سیکریٹری جنرل نے ویٹو کے حق اور دیگر ممالک کے حقوق کو نظرانداز کئے جانے پر کڑی تنقید کی ہے-
موصولہ رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے سابق سیکریٹری جنرل کوفی عنان نے ایک بیان میں موجودہ دنیا میں ایک دوسرے سے وابستہ ہونے پر تاکید کرتے ہوئے عالمی طاقتوں بالخصوص امریکہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دوسروں کے اخراجات پر اپنے لئے امن و رفاہ کا سامان فراہم نہیں کیا جا سکتا- کوفی عنان نے ترقی یافتہ ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ، دیگر ممالک کے تعاون سے دنیا میں قیام امن اور دہشت گردی کو روکنے کی کوشش کریں- اقوام متحدہ کے سابق سیکریٹری جنرل نے دیگر ممالک کے خلاف طاقت کے استعمال کے لئے بڑی طاقتوں کی یکطرفہ کارروائیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ، دو ہزار تین میں عراق پر امریکی حملے کے سخت خلاف تھے- انھوں نے کہا کہ عراق پر حملہ، اقوام متحدہ کے منشور کے منافی تھا اور اس اقدام کا نتیجہ بہت سے ملکوں کو بھگتنا پڑ رہا ہے- کوفی عنان نے بڑی طاقتوں کے ویٹو کے حق پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان حالات کو برداشت کرنا بہت مشکل ہے کیونکہ ممالک، صرف وہی نہیں ہیں کہ جن کے نمائندے سلامتی کونسل کی میز پر بیٹھے ہوئے ہیں-