سلامتی کونسل میں مستقل رکنیت، روس کی جانب سے ہندوستان کی حمایت
Aug ۱۶, ۲۰۱۵ ۱۵:۳۱ Asia/Tehran
روس نے اعلان کیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ہندوستان اور برازیل کی مستقل رکنیت کی حمایت کرتا ہے-
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا کہ ان کا ملک اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی مستقل رکنیت کے ہندوستان اور برازیل کے مطالبے کی حمایت کرتا ہے اور اس کونسل میں ایک افریقی ملک کی شمولیت کو بھی ضروری سمجھتا ہے- انہوں نے کہا کہ روس سلامتی کونسل میں افریقہ، لاطینی امریکا اور ایشیا کے ترقی پذیر ممالک کے نمائندوں کو کافی نہیں سمجھتا اور یہی وجہ ہے کہ وہ سلامتی کونسل میں ہندوستان اور برازیل کے مطالبے کی حمایت کرتا ہے- ان کا کہنا تھا کہ روسی حکومت کا یہ خیال ہے کہ سلامتی کونسل میں براعظم افریقہ کا بھی ایک مستقل نمائندہ ہونا چاہئے- قابل ذکر ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے پانچ مستقل اور دس غیر مستقل ارکان ہیں جبکہ مستقل ارکان کو ویٹو کا حق حاصل ہے- سلامتی کونسل کے ارکان کی تعداد گیارہ سے بڑھا کر پندرہ کی گئی تھی اور اب ایک بار پھر اس کے ارکان کی تعداد میں اضافے کا موضوع زیر بحث ہے-