بحران شام کے حل کے سلسلے میں سلامتی کونسل کا بیان
Aug ۱۸, ۲۰۱۵ ۱۲:۳۱ Asia/Tehran
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے بحران شام کو مذاکرات اور اقتدار کی سیاسی طریقے سے منتقلی کے ذریعے حل کرنے پر تاکید کی ہے-
اطلاعات کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے پیر کی شام بحران شام کے حل کے بارے میں ایک بیان اتفاق رائے سے پاس کیا ہے- اس بیان میں سلامتی کونسل نے شام میں امن کی بحالی کے لیے بنیادی مسائل کے بارے میں مذاکرات پر تاکید کی ہے- ایسوسی ایٹڈ پریس کے دعوے کے مطابق سلامتی کونسل کا بیان شام میں اقتدار کی سیاسی طریقے سے منتقلی اور دہشت گردی سے مقابلے کے بارے میں شقوں پر مشتمل ہے- اقوام متحدہ میں روس کے نمائندے ویتالی چورکین نے سلامتی کونسل میں یہ بیان منظور ہونے سے پہلے کہا تھا کہ یہ بیان بحران شام کے بارے میں پہلی مکمل دستاویز ہے جو اتفاق رائے سے پاس ہو گی- شام کے بارے میں سلامتی کونسل کا بیان شام میں جنگ کے خاتمے اور امن مذاکرات کی زمین فراہم کرنے کے مقصد سے شام کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے اسٹیفن دی میستورا کے پیش کئے گئے منصوبے کے تناظر میں تیار کیا گیا ہے- قابل ذکر ہے کہ گزشتہ بدھ کے روز اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے دمشق میں شام کے صدر بشار اسد سے ملاقات کی تھی جس میں بحران شام کے لئے ایرانی تجویز کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا تھا- فوری جنگ بندی، قومی اتحاد حکومت کی تشکیل، شام کے آئین میں ترمیم اور بین الاقوامی مبصرین کی نگرانی میں انتخابات کا انعقاد بحران شام کے حل کے لئے ایرانی تجویز کے اہم نکات ہیں-