لیبیا کے بارے میں سلامتی کونسل کا اجلاس
Aug ۲۷, ۲۰۱۵ ۱۸:۵۳ Asia/Tehran
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے کہا ہے کہ بحران لیبیا کی واحد راہ حل وسیع البنیاد حکومت کی تشکیل ہے-
اسنا خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سلامتی کونسل کے موجودہ سربراہ نے لیبیا کے بارے میں ہونے والے اجلاس کے اختتام پر کہا کہ لیبیا کے بحران کی واحد راہ حل تمام گروپوں کے نمائندوں کی شرکت سے ایک وسیع البنیاد حکومت کی تشکیل ہے- انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کے ارکان نے جنگ بندی کے سائے میں لیبیا کے بعض علاقوں میں سیاسی عمل کی پیش رفت کا مشاہدہ کیا لیکن اسی کے ساتھ لیبیا میں سیاسی، انسانی اور سیکورٹی کے حالات ابتر ہونے کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا- سلامتی کونسل نے لیبیا میں قومی اتحاد کی حکومت کی تشکیل کے مقصد سے موجودہ امن کے عمل کی تائید کی ہے اور تمام فریقوں سے کہا ہے کہ وہ لیبیا میں قیام امن کی خاطر گیارہ جولائی کے معاہدے پر دستخط کر دیں- ادھر لیبیا کے بارے میں ہونے والے سلامتی کونسل کے اجلاس میں لیبیا کے لئے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے برنارڈینو لیون نے کہا کہ ان کو یقین ہے کہ لیبیا کے مختلف گروپوں کے ساتھ ہونے والے ان کے مذاکرات نتیجہ خیز ہوں گے- واضح رہے کہ گیارہ جولائی کو ہونے والی ایک نشست میں لیبیا کے گروپوں نے امن و آشتی کے نام سے ایک ابتدائی معاہدے پر دستخط کئے تھے لیکن مسلح گروپوں کے نمائندے اس نشست میں شریک نہیں تھے-