پناہ گزینوں کے ساتھ ہنگری کے حکام کی بدسلوکی پر اقوام متحدہ کا ردعمل
Sep ۱۸, ۲۰۱۵ ۱۵:۲۸ Asia/Tehran
-
اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق زید رعد الحسین
اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق نے ہناہ گزینوں کے ساتھ ہنگری کے حکام کے رویے کو عالمی قوانین کے برخلاف قرار دیا ہے
سوئس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق زید رعد الحسین نے پناہ گزینوں کے ساتھ ہنگری کے حکام کے رویے پر تعجب کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بوڈاپسٹ نے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق زید رعد الحسین نے کہا ہے کہ ہنگری اور صربیہ کی سرحد پر پناہ گزینوں پر آنسو گیس کے گولے داغنا اور واٹر کینن سے حملے کرنا غیرانسانی اقدام ہے۔ انہوں نے کہا انہوں نے ٹی وی پر یہ تصویریں دیکھی ہیں۔
زید رعد الحسین کے مطابق حالیہ دنوں میں ہنگری کے حکام کے اقدامات منجملہ پناہ گزینوں کو ملک میں داخل ہونے سے روکنا، انہین گرفتار کرنا اور انہیں عدالتی کارروائی کے بغیر واپس بھیج دینا عالمی قوانین کے برخلاف ہے۔
انہوں نے پناہ گزینوں کے خلاف غیر مناسب طریقے سے طاقت کے استعمال اور صحافیوں پر حملے نیز ان کے کیمرے چھین لینے کی مذمت کی۔ زید رعد الحسین نے ہنگری میں پناہ گزینوں اور مسلمانوں کے خلاف رجحان کی مذمت کی۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں ہنگری کے حکام نے اپنی سرحدوں پر پناہ گزینوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک کیا ہے جس پر انسانی حقوق کی تنظیموں نے احتجاج کیا ہے۔