فلسطینیوں کو اسرائیلی وزیر اعظم نتنیاہو کی دھمکی
Oct ۰۸, ۲۰۱۵ ۰۹:۵۲ Asia/Tehran
صیہونی حکومت کے وزیر اعظم نے ایک بار پھر فلسیطینیوں کو فوجی حملے کی دھمکی دی ہے-
فرانس پریس کی رپورٹ کے مطابق صیہونی حکومت کے وزیر اعظم بنیامین نتنیاہو نے بدھ کے روز اسرائیلیوں سے کہا ہے کہ وہ فلسطینیوں کے خلاف حملے کے لئے آمادہ ہوجائیں- فلسطینیوں کے خلاف حملے کی، صیہونی حکومت کے وزیر اعظم ایسی حالت میں دھمکی دے رہے ہیں کہ فلسطینی حکام اور پارٹیاں، نتنیاہو کو غرب اردن خاص طور پر بیت المقدس کے بحران کا ذمہ دار قرار دے رہی ہیں- صیہونی آباد کاروں نے بدھ کے روز اسرائیلی فوج کی مدد سے مسجد الاقصی پر حملہ کردیا اور اس مسجد کےصحن میں داخل ہوگئے اور اس مقدس مقام کی توہین کی- صیہونی حکومت کے فوجیوں نے گذشتہ دو دنوں میں شہر بیت المقدس سے دو سو ستر فلسطینیوں کو گرفتار کیا ہے جن میں ایک سو پینتالیس بچے بھی شامل ہیں- اسی طرح بدھ کے روز غرب اردن اور بیت المقدس کے مختلف علاقوں پر اسرائیلی فوج نے حملہ کرکے دو فلسطینیوں کو شہید کردیا اور دسیوں دیگر کو زخمی یا گرفتار کرلیا- صیہونی عناصر گذشتہ چند دنوں سے مسجد الاقصی اور فلسطینی نمازیوں پر حملے کرکے اس مسجد کو زمان و مکان کے اعتبار سے تقسیم کرنے کے درپے ہیں-