Nov ۱۲, ۲۰۱۵ ۱۸:۵۶ Asia/Tehran
  • اٹلی: پولیس کی جانب سے ایک تکفیری گروہ کو ختم کرنے کا دعوی
    اٹلی: پولیس کی جانب سے ایک تکفیری گروہ کو ختم کرنے کا دعوی

اٹلی کی پولیس نے ایک یورپی تکفیری گروہ کو ختم کرنے کا دعوی کیا ہے۔

روم سے موصلہ رپورٹ کے مطابق اطالوی پولیس نے جمعرات کو اعلان کیا ہے کہ ایک یورپی تکفیری گروہ کے عناصر کو مختلف ملکوں میں گرفتار کر کے ایک بڑے دہشت گردانہ حملے کی منصوبہ بندی کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔

اس رپورٹ کے مطابق اطالوی پولیس نے بتایا ہے کہ اس گروہ کے چھے افراد اٹلی میں، چار برطانیہ میں اور تین افراد ناروے میں گرفتار کئے گئے۔ اطالوی پولیس کے مطابق اس گروہ نے کچھ افراد کو شام اور عراق میں داعش کے ساتھ مل کر جنگ کرنے کے لئے بھی بھیجا ہے۔

اس رپورٹ کے مطابق اس گروہ نے اپنے سرغنہ کو آزاد کرانے کے لئے ناروے کی ایک جیل پر حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کی تھی لیکن اس پر عمل درآمد سے پہلے ہی اس کے افراد گرفتار کر لئے گئے ۔

روم سے فرانس پریس کی رپورٹ کے مطابق اطالوی تفیتیش کاروں نے بتایا ہے کہ اس گروہ کو ناروے میں انیس سال سے مقیم نجم الدین احمد فرج نام کے ایک انتہا پسند تکفیری عالم نے بنایا تھا۔ رپورٹ کے مطابق ملا کریکر کے نام سے مشہور اس تکفیری عالم کا تعلق عراقی کردستان سے تھا۔

اطالوی پولیس کے ایک اعلی عہدیدار "جیووانی گور نال " نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ یہ آپریشن اس لحاظ سے بہت اہم تھا کہ جس انتہا پسند گروہ کے خلاف یہ آپریشن کامیابی کے ساتھ انجام دیا گیا، اس میں اٹلی، برطانیہ، سوئٹزرلینڈ ، جرمنی اورفن لینڈ سمیت مختلف یورپی ملکوں کے انتہا پسند شامل تھے۔

قابل ذکر ہے کہ ناروے کی جیل میں بند ملا کریکر کو قومی سلامتی کے لئے خطرہ قرار دیا گیا ہے ۔ اس نے ناروے میں انصار الاسلام کے نام سے ایک انتہا پسند تکفیری گروہ تشکیل دیا تھا جس میں مختلف مغربی ملکوں کے انتہا پسندوں کو شامل کیا گیا تھا۔

ٹیگس