Nov ۱۳, ۲۰۱۵ ۱۷:۱۴ Asia/Tehran
  • میانمار میں آنگ سان سوچی کی پارٹی کی جیت

میانمار میں حزب اختلاف کی رہنما آنگ سان سوچی کی پارٹی نے عام انتخابات میں دوتہائی سے زیادہ اکثریت حاصل کرلی ہے

گذشتہ ہفتے ہونےوالے انتخابات کے اسّی فیصد نتائج کا اعلان کردیا گیا ہے جن کے مطابق آنگ سان سوچی کی پارٹی نیشنل لیگ فار ڈیموکریسی اب تک تین سو اڑتالیس نشستیں جیت چکی ہے یوں مجموعی طور پر این ایل ڈی نے اسّی فیصد سے زیادہ نشستیں جیت لی ہیں - میانمار کے الیکشن کمیشن کی جانب سے نتائج کا اعلان سست رفتاری سے کیا جا رہا ہے تاہم جمعے کو ہونے والے نتائج کے مطابق اب آنگ سان سوچی کی جماعت ملک میں حکومت بنانے کے ساتھ ساتھ ملک کا صدر بھی خود ہی منتخب کرسکے گی -میمانمار میں انیس سو ساٹھ کے عشرے سے فوجی حکومت تھی اور اب اس ملک میں بڑے پیمانے پر سیاسی تبدیلی رونما ہو رہی ہے - آنگ سان سوچی کو پارلیمان کے دونوں ایوانوں میں اکثریت حاصل ہوگئی ہے جس کے تحت وہ صدر کا انتخاب کرنے کے ساتھ ساتھ حکومت بھی بنا سکتی ہیں - مبصرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ میانمار میں ابھی بھی فوج کافی طاقتور ہے لیکن مستقبل میں آنگ سان سوچی اور فوج کے درمیان رسّہ کشی کے ماحول میں واضح اکثریت سے ملنے والی یہ فتح آنگ سان سوچی کے لئے کافی فائدے مند ثابت ہوگی -