میانمار میں زمین کھسکنے کا واقعہ، 100 افراد ہلاک
Nov ۲۲, ۲۰۱۵ ۲۱:۲۹ Asia/Tehran
میانمار میں زمین کھسکنے کے نتیجے میں سو افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق میانمار کے شمال میں ہفتے کی شام کو زمین کھسکنے کے نتیجے میں تقریبا" سو افراد ہلاک ہوگئے۔ یہ حادثہ کاچن KACHIN صوبے میں پنے کی ایک کان کے پاس رونما ہوا اور چشم دید گواہوں نے بتایا کہ کچھ لوگ اب بھی ملبے کے نیچے دبے ہوئے ہیں۔ ایک چشم دید گواہ نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے لوگوں کے چلانے کی آوازیں آ رہی تھیں، کچھ لوگوں کے اعزہ اس حادثے میں مارے گئے جبکہ بعض خاندانوں کے تمام افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ ایک مقامی عہدیدار نے بتایا کہ ہفتے کو اناسی لاشیں ملبے سے نکالی گئیں اور یہ سلسلہ اتوار کو بھی جاری رہا۔ اس عہدیدار نے کہا کہ اب تک یہ واضح نہیں ہے کہ کتنے افراد حادثے کا شکار ہوئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق ریڈکراس، فوج، پولیس اور مقامی برادریوں کے افراد جائے وقوعہ پر امدادی کام انجام دے رہے ہیں لیکن موسم خراب ہونے کی وجہ سے اس دور دراز کے علاقے میں امدادی کام میں مشکل پیش آرہی ہے۔ ایک مقامی برادری کے رہنما لمائی گم جا نے بتایا کہ سو سے زیادہ افراد لاپتہ ہیں۔