Dec ۱۰, ۲۰۱۵ ۲۰:۳۳ Asia/Tehran
  • نیپال میں ہندوستانی سفارت خانے کے سامنے انسانی حقوق کے کارکنوں کا مظاہرہ

انسانی حقوق کے کارکنوں نے نیپال میں ہندوستانی سفارت خانے کے سامنے مظاہرہ کیا ہے۔

مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں ایسے بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر ہندوستان کی جانب سے ایندھن اور دواؤں کی ترسیل بند کئے جانے کے خلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے حکومت ہندوستان سے مطالبہ کیا کہ وہ نیپال کے لیے ایندھن اور دواؤں کی ترسیل پر عائد پابندی فوری طور پر ختم کردے۔ عینی شاہدین کے مطابق نیپال کی پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش کی جس کے بعد یہ مظاہرہ پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں میں تبدیل ہوگیا۔ پولیس نے کم سے کم پچاس مظاہرین کو گرفتار کرلیا ہے۔

کہا جارہا ہے کہ نیپال کے نئے آئین پر عوامی احتجاج کے بعد ہندوستان نے ایندھن اور دواؤں سمیت بنیادی ضرورت کی بہت سی اشیا کے نیپال بھیجے جانے پر پابندی لگادی ہے۔ نیپال کے نئے آئین کے تحت ملک کو انتظامی لحاظ سے سات صوبوں میں تقسیم کردیا جائے گا۔ نئی صوبائی تقسیم کے خلاف ہونے والے احتجاج کے دوران کم سے کم پچاس افراد مارے جاچکے ہیں۔ چاروں طرف سے خشکی میں گھرا ہوا ملک نیپال اپنی ضرورت کی زیادہ تر اشیا ہندوستان سے درآمد کرتا ہے۔