بلدیاتی انتخابات میں دائیں بازو کے شدت پسندوں کی کامیابی خانہ جنگی کا سبب ہے: فرانسیسی وزیر اعظم مینوئل والس
فرانس کے وزیر اعظم نے اپنے ملک میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں دائیں بازو کے شدت پسندوں کی کامیابی کو خانہ جنگی کا سبب قرار دیا ہے۔
فرانسیسی اخبار لوفیگارو کی ویب سائٹ کے مطابق فرانس کے وزیر اعظم مینوئل والس نے جمعہ کے روز فرانس میں ہونے والے دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات کے بارے میں کہا کہ قومی محاذ پارٹی ملک کو خانہ جنگی کی طرف دھکیل سکتی ہے۔ فرانسیسی وزیر اعظم نے کہا کہ فرانسیسی عوام تفرقہ اور خانہ جنگی یا جمہوریت اور جمہوری اقدار کے حق میں ووٹ ڈال سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فرانسیسی عوام سوشلسٹ حکومت سے ناراض ہوکر دائیں بازو کے شدت پسندوں کو ووٹ دے رہے ہیں اور اس غلطی سے نسل پرست اور جمہوری اقدار کی مخالف پارٹی کو منتخب کر رہے ہیں۔ فرانس میں چھے دسمبر کو پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات ہوئے تھے جن میں دائیں بازو کے شدت پسندوں کو کامیابی ملی اور حکمراں سوشلسٹ پارٹی کو شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔