Jan ۰۱, ۲۰۱۶ ۱۹:۳۱ Asia/Tehran
  • نیٹو روس کی قومی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے: روسی صدر ولادیمیر پوتن

روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے معاہدہ شمالی اقیانوس، نیٹو کو اپنے ملک کی قومی سلامتی کے سنگین خطرہ قرار دیا ہے۔

روس کی اسٹریٹیجک دفاعی دستاویز میں، نیٹو کو روس کے لیے اہم ترین بیرونی خطرہ قرار دیا گیا ہے۔ قومی اسٹریٹیجک دفاعی دستاویز پر صدر ولادیمیر پوتن نے دستخط کیے ہیں۔ اس دستاویز کے مطابق نیٹو کی توسیع اور مختلف ملکوں میں اس کے دفاعی نظام کی تنصیب، روس کے لیے متحرک خطرہ ہے۔ نیٹو نے پولینڈ سمیت مشرقی یورپ کے علاقوں میں اپنے فوجی اور دفاعی آلات نصب کرنا شروع کردیئے ہیں اور وہ مسلسل روس کی سرحدوں کی جانب توسیع میں مصروف ہے۔ مونٹی نیگرو مشرقی یورپ کا آخری ملک ہے جو حال ہی میں نیٹو میں شامل ہوا ہے۔

روسی صدر کے جاری کردہ ایک الگ بیان میں آیا ہے کہ روس کی آزاد داخلہ اور خارجہ پالیسیوں کی وجہ سے امریکہ اور اس کے اتحادیوں کو عالمی سطح پر اپنی برتری قائم رکھنے کی فکر لاحق ہو گئی ہے۔ روس نے حال ہی میں متعدد دفاعی اقدامات بھی انجام دیئے ہیں۔ حال ہی میں چالیس بین البراعظمی ایٹمی میزائیل روس کی دفاعی فورس کے حوالے کیے گئے ہیں۔ صدر پوتن پہلے ہی اعلان کر چکے ہیں کہ ان کا ملک اپنی ایٹمی طاقت میں بدستور اضافہ کرتا رہے گا۔