بحران شام کے پرامن حل کی ضرورت پر تاکید
یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کی سربراہ نے بحران شام کے پر امن حل کی ضرورت پر ایک بار پھر زور دیا ہے۔
سوئزر لینڈ کے شہر ڈیووس سے ہمارے نمائندے نے رپورٹ دی ہے کہ فیڈریکا موگرینی نے عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس کے موقع پر ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ وہ بحران شام کے پر امن حل پر یقین رکھتی ہیں ۔
انھوں نے کہا کہ وہ سمجھتی ہیں کہ شام کے بحران کو مذاکرات کے ذریعے ہی حل کیا جاسکتا ہے۔
فیڈریکا موگرینی نے کہا کہ پانچ سال کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب بحران شام کے پر امن حل کے لئے سیاسی عزم و ارادے کا مشاہدہ کیا جارہا ہے ۔انھوں نے کہا کہ مجموعی طور پر عالمی برادری بحران شام کے پر امن حل کے لئے اپنے نقشہ راہ کے مطابق آگے بڑھ رہی ہے۔ یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کی سربراہ نے کہا کہ ایران کے ساتھ جامع ایٹمی معاہدے پر عمل درآمد کے آغاز کے بعد علاقائی سطح پر بھی تعاون ہونا چاہئے۔ فیڈریکا موگرینی نے کہا کہ ایران اور دنیا کی چھے بڑی طاقتوں کے درمیان جامع ایٹمی معاہدے پر عمل درآمد سے بحران شام کے سیاسی حل کی راہ بھی ہموار ہونے کی امید ہے۔ انھوں نے ایران اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہت خطرناک صورتحال ہے ۔ یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کی سربراہ نے کہا کہ یہ کشیدگی علاقے پر ہی نہیں بلکہ علاقے سے باہر کی دنیا پر بھی اثرانداز ہورہی ہے بنابریں اس کو ختم ہونا چاہئے۔