امریکہ میں برفانی طوفان کی تباہ کاریاں، انیس افراد ہلاک معمولات زندگی درہم برہم
امریکہ میں برفانی طوفان کے نتیجے میں انیس افراد ہلاک جبکہ دس ہزار سے زائد پروازیں منسوخ ہو گئی ہیں-
امریکہ میں آنے والے برفانی طوفان کے نتیجے میں اب تک انیس افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور واشنگٹن ڈی سی، جارجیا، ٹینیسی، شمالی کیرولائنا، ورجینیا، میری لینڈ اور پینسلوینیا سمیت گیارہ ریاستوں میں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی ہے۔ واشنگٹن کی میئر نے لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت جاری کی ہے -
امریکی میڈیا کے مطابق برفانی طوفان اور تیز ہواؤں کے خطرے کے پیش نظر دس ہزار سے زائد پروازیں منسوخ اور متعدد ریاستوں میں ٹرانسپورٹ اور ٹرین سروس معطل کردی گئی ہے- طوفان کے باعث آٹھ کروڑ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ ڈھائی لاکھ لوگ بجلی سے محروم ہوگئے ہیں- ٹریفک کا نظام درہم برہم ہے اور سیکڑوں گاڑیاں پھنس کر رہ گئی ہیں-
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اتوار کے روز طوفان کی شدت زیادہ ہونے کا امکان ہے جس کے باعث نیو یارک سٹی میں ڈھائی فٹ تک برفباری ہوسکتی ہے- اطلاعات کے مطابق نیویارک سٹی کے تمام پل اور سرنگیں بند ہو چکی ہیں جس کے باعث نیو یارک میں ایمرجنسی لگا کرگاڑیاں چلانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔