Feb ۰۱, ۲۰۱۶ ۱۷:۲۳ Asia/Tehran
  • یورپ جانے والے دس ہزار سے زیادہ بے سہارا مہاجر بچے لاپتہ

یورپ جانے والے دس ہزار سے زیادہ بے سہارا مہاجر بچے لاپتہ ہو گئے ہیں۔

یورپی یونین کی پولیس ایجنسی یورو پول کے پریس آفس نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ دس ہزار سے زائد بے سہارا مہاجر بچے یورپ میں لاپتہ ہو چکے ہیں۔ یورو پول کے چیف آف اسٹاف برائن ڈونلڈ کے مطابق یہ اعداد و شمار ان بچوں کے ہیں جو یورپ پہنچنے کے بعد ریاستی اداروں میں رجسٹریشن کے بعد سسٹم سے لاپتہ ہو گئے۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کہیں جرائم پیشہ افراد گمشدہ بچوں کو جبری مشقت اور جنسی زیادتی کیلئے استعمال نہ کر رہے ہوں۔

یورو پول کے چیف آف اسٹاف برائن ڈونلڈ کا کہنا ہے کہ ضروری نہیں کہ تمام لاپتہ بچوں کا مجرمانہ استحصال کیا جائے، کچھ ایسے بھی ہو سکتے ہیں جو اپنے اہل خانہ کے پاس موجود ہوں لیکن ہمیں اس کا علم نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہم لاپتہ ہونے والے ان بچوں کو تلاش کر رہے ہیں۔

بتایا جاتا ہے کہ صرف اٹلی میں پانچ ہزار پناہ گزین بچے لاپتہ ہو گئے ہیں۔ گزشتہ سال سوئیڈن سے بھی ایک ہزار پناہ گزین بچے غائب ہو چکے ہیں۔ بچوں کے لیے کام کرنے والی ایک عالمی تنظیم سیو دی چلڈرن کے مطابق دو ہزار پندرہ میں چھبیس ہزار پناہ گزین بچے یورپ آئے تھے۔

ٹیگس