Feb ۰۱, ۲۰۱۶ ۲۰:۱۷ Asia/Tehran
  • ایران اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی میں کمی پر بان کی مون کی تاکید

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے اسلامی جمہوریہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان صلح اور آشتی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل بان کی مون نے عمان کے دارالحکومت مسقط میں اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ موجودہ مشکلات اور بے اعتمادی کے باوجود ایران اورسعودی عرب دونوں حقیقت پسندی اور احساس ذمہ داری کا مظاہرہ کر کے ایک دوسرے کے قریب آئیں گے اور باہمی اختلافات اور مشرق وسطی کے علاقے کے مسائل کو حل کرنے کی جانب قدم بڑھائیں گے- بان کی مون کا یہ بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے کہ جب اطلاعات ہیں کہ جرمنی کے وزیر خارجہ فرانک اشٹائن مائر ایران اور سعودی عرب کے درمیان ثالثی کے لئے منگل کو تہران پہنچ رہےہیں- جرمن وزیر خارجہ تہران کے بعد ریاض کا بھی دورہ کریں گے-

اس سے پہلے چین کے صدر شی جین پنگ اور پاکستان کے وزیراعظم نوازشریف نے بھی اپنے دورہ ریاض اور تہران میں ایران اور سعودی عرب کے درمیان ثالثی کے ذریعے دونوں ملکوں کے تعلقات پر جمی برف کو پگھلانے کی کوشش کی تھی جبکہ روس اور ترکی نے بھی ایران اور سعودی عرب کے درمیان ثالثی کے لئے آمادگی کا اعلان کیا ہے-